10 ستمبر 2012 - 19:30

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں شام کے موضوع پر اسلامی جمہوریہ ایران ، مصر ، ترکی اور سعودی عرب کے نمائندوں کا اجلاس ہوا –

ابنا: مصر کے وزیر خارجہ "محمد کامل عمرو" نے کہا کہ اس اجلاس کا انعقاد مذکورہ ممالک کے وزرائے خارجہ اور اقوام متحدہ کے نمائندے اخضر ابراہیمی کے درمیان مذاکرات کا پیش خیمہ تھا جو عنقریب قاہرہ میں ہونگے -
قاہرہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق اس اجلاس میں عربی ممالک کے امور میں مصر کے نائب وزیر خارجہ "شوقی اسماعیل"،سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ "ناصر البریج" ،دمشق میں ترکی کے سابق سفیر" عمر اوهون" اور عربی وافریقی ممالک کے امور میں ایران کے نائب وزیر خارجہ "حسین امیر عبداللهیان" شریک تھے –
مصر کی وزارت خارجہ کی جانب سے اس حوالے سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے موقع پر مصر کے صدر محمد مرسی کی جانب سے پیش ہونیوالی تجویز کے تناظر میں اس اجلاس کا انعقاد ہوا –
مرسی نے مذکورہ اجلاس میں شام میں بحران کے خاتمے اور اس ملک میں عوام کے مطالبات کو پرامن اور سیاسی طریقے سے حل کرنے کے لئے ایران ، مصر ، سعودی عرب اور ترکی کے نمائندوں پر مشتمل چاررکنی کمیٹی قائم کرنے کی تجویز پیش کی تھی –
اجلاس سے قبل مصر کی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان نے اعلان کیا تھا کہ اس اجلاس میں شام کی صورتحال کے بارے میں  تبادلہ خیال کے علاوہ اس ملک میں جاری خونین جنگ کے خاتمے اور عوام کے مطالبات کو پورےکرنے کے لئے سیاسی راہ حل پر غور کیا جائے گا -
.......
/169